اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بروکنگز انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائیٹ پر ایک مضمون میں خبردار کیا گیا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت کے اثرات بڑھتے جا رہے ہیں- اس مضمون میں آیا ہے کہ یمن پر آل سعود کی جارحیت اب سعودی عرب کے صوبہ الشرقیہ تک پھیل چکی ہے اور گذشتہ ہفتے شہر العوامیہ کے شیعہ شہریوں اور آل سعود کے سکیورٹی کارندوں میں چھڑپیں ہوئی تھیں- اس مضمون کے مطابق یہ جھڑپیں قطیف شہر کے پاس ہوئی تھیں- بروکنگز انسٹی ٹیوٹ نے یمن پر آل سعود کی جارحیت کے اثرات کے بارے میں لکھا ہے کہ سعودی عرب میں دس سے پندرہ فیصد شیعہ مسلمان بستے ہیں اور ان کی اکثریت صوبہ الشرقیہ میں ہے جو خلیج فارس کے ساحلوں پر واقع ہے جو تیل کی دولت سے مالا مال ہے- اس مضون کے مطابق آل سعود کے حکام اس علاقے میں ممکنہ تشدد پر کنٹرول پا سکتے ہیں لیکن شیعہ مسلمانوں کی برہمی اور غصے کو ٹھنڈا کرنے میں برسوں کا وقت لگ جائے گا- اس مضمون میں آیا ہے کہ سعودی عرب میں بدامنی اس پل کے راستے پھیل سکتی ہے جو اس نے بحرین کو متصل کرنے کے لئے بنایا ہے- واضح رہے کہ یمن پر آل سعود کے وحشیانہ حملوں میں سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔
/169